لاہور(نیوز ڈیسک) موٹر وے سے گزرتی گاڑیوں کا ریکارڈ ٹول پلازہ پر دستیاب ہو گا ان لوگوں کو بھی میڈیا کے سامنے لانا چاہیے، اعتزاز احسن نے بڑا مطالبہ کر دیا، انہوں نے کہاکہ موٹروے پر خاتون سے بدسلوکی کے واقعہ پر نامناسب بیان دینے پرسی
سی پی او لاہور کوفوری طور پر برطرف کیا جائےاور اس میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے۔ پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما نے کہاکہ پہلے قصور میں زنیب والا واقعہ پھر بچوں کے ساتھ بداخلاقی واقعہ اور اب موٹروے واقعہ نے سر شرم سے جھکا دیے ہیں۔ اعتزاز احسن نے پیپلز پارٹی کے زیراہتمام لبرٹی چوک لاہور میں موٹروے پر خاتون کے ساتھ بداخلاقی کے واقعہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سی سی پی او لاہور کی برطرفی نہایت ضروری ہے۔ ٹول پلازہ کے کچھ فاصلے پر خاتون کے ساتھ بدسلوکی کا واقعہ ہماری سیکورٹی پر سوالیہ نشان ہے، اعتزاز احسن نے کہا کہ جب خاتون مدد کے لئے موٹر وے پر کھڑی تھی تو اس وقت لوگوں نے رک کر اس کی مدد نہیں کی، ایسے لوگوں کی گاڑیوں کا ریکارڈ ٹول پلازے والوں کے پاس موجود ہے اس ریکارڈ کو بھی میڈیا کے سامنے لانا چاہیے تاکہ ایسے بے حس لوگوں کے بارے بھی پتہ چل سکے اگر یہی لوگ خاتون کی مدد کے لیے رک جاتے تو آج اس سے یہ بدسلوکی کا یہ واقعہ نہ ہوتا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کے مظاہرین نے سی سی پی او لاہور کی برطرفی کا مطالبہ کیا اور تحریک انصاف کے خلاف بھی نعرہ بازی کی گئی۔