لاہور(این این آئی)وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرِ نگرانی محکمہ داخلہ، پولیس فورس، فرانزک سائنس ایجنسی سمیت تمام متعلقہ ادارے موٹر وے وقوعہ کے دن سے تحقیقات میں مصروف ہیں، تمام محکموں کی
مستحکم کوششوں سے کیس میں مثبت پیشرفت ہوئی ہے اور ملزمان کی شناخت کے بعد انکی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اپنے بیان میں وزیرِ اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ بہت جلد یہ کیس اپنے منطقی انجام تک پہنچ جائے گا اور واقعے میں ملوث مجرمان جلد قانون کی گرفت میں ہونگے۔ انہوں نے میڈیا اور حکومتی ترجمانوں سے گزارش کرتے ہوئے کہا کہ غلط معلومات کی ترسیل سے اجتناب کریں۔ صرف وزیرِ اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، وزیرِ اطلاعات، وزیرِ قانون، آئی جی پنجاب اور محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری کی جانے والی خبر ہی مصدقہ تصور کی جائے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا سٹریٹیجی کمیٹی کے ممبران اس واقعے پر اپنی طرف سے کوئی پالیسی بیان جاری نہ کریں۔ صوبائی حکومت کا واحد ترجمان صرف وزیرِ اطلاعات ہے۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ پوری قوم پر امید رہے، بزدار حکومت ملزمان کی گرفتاری کے لیے انتھک محنت کر رہی ہے۔ انشا اللہ بہت جلد ان شیطان صفت ملزمان کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دے کر نشان عبرت بنائیں گے۔