لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) نئے تعینا ت ہونے والے انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب انعام غنی کے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ کا انکشاف ہوا ہے جبکہ جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ سے ٹویٹ بھی کی گئی۔ آئی جی نے اپنے جعلی ٹویٹر اکاؤنٹ بارے بات کرتے ہوئے کہا کہ جعلی اکاؤنٹ
کو میرے نام سے منسوب کرکے ٹویٹ کی گئی۔ متعلقہ ادارہ جعلی اکاؤنٹ بنانے والوں کیخلاف کارروائی کرے۔آئی جی پنجاب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاتون کے اے ٹی ایم استعمال کرنے والے دو افراد کی گرفتاری کی خبر جھوٹی ہے۔ انہوں نے کہاکہ میرے نام سے بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے یا کسی اور طریقے سے سوشل میڈیا پر جتنی خبریں چل رہی ہیں سب جعلی ہیں۔ کیس پر جو بھی پیش رفت ہو گی ہم میڈیا سے خود شیئر کریں گے یا ہمارا پبلک ریلیشن کا محکمہ آپ کو بتائے گا۔ ڈی این اے میچ ہو گئے، انگوٹھی مل گئی، اے ٹی ایم استعمال ہوئے اس طرح کی جعلی خبریں شیئر کرنے سے گریز کریں۔ انعام غنی نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ جو معلومات بھی آپ کو ملتی ہیں براہ مہربانی مجھ سے اس کی ایک بار تصدیق ضرور کر لیں۔