اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) ڈی آئی جی انویسٹی گیشن شہزادہ سلطان نے نجی ٹی وی کے پروگرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر خاتون 15 پر کال کر لیتی تو یہ واقعہ نہ ہوتا، بعد میں جب خاتون نے ون فائیو کال کی تو ہماری ڈولفن فورس تین منٹ
میں وہاں پہنچ گئی تھی۔ پروگرام کے اینکر مرتضیٰ ڈار نے کہاکہ جب خاتون نے موٹر وے پولیس کو فون کیا تو انہوں نے کہا کہ ہماری حدود نہیں ہے تو اس موقع پر پولیس کو چاہیے تھا کہ جب کوئی آپ کو مدد کے لئے بلا رہا ہے تو آپ کوئی اس کا حل نکالیں یہ آپ لوگوں پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے اس حوالے سے آپ لوگوں نے کچھ کیا ہے، جس کا جواب دیتے ہوئے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا کہ موٹر وے پولیس کے حوالے سے میں کوئی کمنٹ نہیں کروں گا اس کے لئے آپ متعلقہ اتھارٹی سے بات کریں، انہوں نے کہاکہ اگر وہ 130 کے بجائے 15 پرکال کرتیں تو شاید یہ واقعہ نہ ہوتا۔ انہوں نے تمام شہریوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب بھی آپ کسی مصیبت میں ہوں چاہے وہ واقعہ کریمنل نہ ہو تو آپ 15 پر کال کریں۔