اسلام آباد(این این آئی) پائلٹس کی لائسنس کی تحقیقات میں حویلیاں طیارے حادثے میں جاں بحق دونوں پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دئیے گئے۔سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ایوی ایشن کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین مصطفی نواز کھوکھر کی زیر صدارت ہوا، جس میں سول ایوی ایشن، پالپا اور پی آئی اے حکام نے شرکت کی۔سیکرٹری سول ایوی ایشن نے پائلٹس کے مشکوک لائسنس کے معاملے
پر کمیٹی کو بریفنگ دی اور بتایا کہ سپریم کورٹ کے حکم پر پائلٹس کی ڈگریوں کی چھان بین کی گئی، جعلی لائسنس سے متعلق فارنزک آڈٹ مکمل کرلیا گیا ہے، تحقیقات کیدوران پائلٹس کو ذاتی حیثیت میں بھی طلب کیا گیا۔اجلاس میں حویلیاں طیارے حادثے میں جاں بحق دونوں پائلٹس کے لائسنس بھی جعلی ہونے کا انکشاف ہوا۔ پالپا نمائندوں نے کمیٹی کو بتایا کہ پائلٹس لائسنس کی فرانزک تحقیقات میں حویلیاں حادثے میں شہید ہونے والے دونوں پائلٹس کے لائسنس مشکوک قرار دیئے گئے۔کیپٹن وقاص نے اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ حویلیاں لائسنس میں شہید پائلٹس کے ناموں کی فہرست میں موجودگی افسوس ناک ہے، تحقیقاتی رپورٹ سے قبل اس طرح ان کا نام شامل کرنامناسب نہیں، حویلیاں طیارہ حادثہ تکنیکی نوعیت کا تھا۔کیپٹن وقاص نے کہا کہ تحقیقات میں 141 پائلٹس کے لائسنسز کو جعلی قرار دے دیا گیا، ان میں سے جن 15 پائلٹس کے لائسنس کو جعلی قرار دیا گیا وہ کب کے ریٹائر ہو چکے ہیں جبکہ 20 پائلٹس کبھی پی آئی اے کا حصہ رہے ہی نہیں، 25 لوگوں کو غلط معلومات کے مطابق گرانڈ کردیا گیا، 45پائلٹس وہ تھے جن کے لائسنس کو امتحان کی تاریخ سے متعلق غلط فہمی کی بنیاد پر جعلی قرار دیا گیا۔تحقیقات میں پائلٹس کا موقف نہ سننے پر کمیٹی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیران کن بات ہے کہ پائلٹس کو سنا تک نہیں گیا۔کمیٹی نے پائلٹس کے مشکوک لائسنس سے متعلق
تحقیقاتی رپورٹ طلب کیں تو ڈی جی سول ایوی ایشن نے تحقیقاتی رپورٹ کمیٹی کو پیش کرنے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ پائلٹس لائسنس کی تحقیقاتی رپورٹ تاحال کسی سطح پر پیش نہیں کی گئی۔چیئرمین کمیٹی نے پوچھا کہ لائسنس سے متعلق تحقیقاتی رپورٹ پبلک کیوں نہیں کی جا رہی؟۔
جس پر سیکرٹری ایوی ایشن نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ پبلک کرنے سے سوشل میڈیا پر نیا تنازعہ کھڑا ہوجاتا ہے۔یاد رہے کہ دسمبر 2016 میں پی آئی اے کا طیارہ چترال سے اسلام آباد جاتے ہوئے حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا جس میں سوار تمام 48 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔