کراچی(این این آئی) جماعت اسلامی حلقہ خواتین پاکستان کی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی نے موٹروے پر خاتون کی عصمت دری کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صنف نازک کے ساتھ درندگی کا یہ افسوسناک اور لرزہ خیر واقعہ انسانیت پر سیاہ دھبہ ہے ۔درندہ صفت مجرمان کو پھانسی کی سزا دی جائے۔بچوں ، بچیوں اور خواتین کے ساتھ شرمناک کام کے بعد مارنے
والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اگر درندوں کو بروقت نشان عبرت بنادیاجائے تو ان واقعات کو بڑھنے سے روکا جاسکتا ہے۔ انہوں نے واقعہ پر دلی رنج کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موٹر وے واقعے کے مجرموں کو جلد کیفر کردار تک نہ پہنچایا گیا تو خواتین اپنے تحفظات اور انصاف کے لئے بھر پور آواز بلند کریں گی۔انہوں نے کہا کہ امن وامان کا قیام ، چادر و عصمت کاتحفظ اور فوری انصاف کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے جس میں کوتاہی اور لاپرواہی کے نتائج اس طرح کے بھیانک حادثات کی صورت میں سامنے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تو بڑی شاہراہوں پر بھی خواتین کی عزت محفوظ نہیں ہے ۔ امن و امان اور سلامتی و تحفظ کے ذمہ دار ادارے کہاں ہیں ؟ملک میں جنگل کا قانون اور بھیڑیوں کا راج ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محفوظ اور پاکیزہ معاشرے کاقیام حکمرانوں کی ذمہ داری اور ہماری ضرورت ہے۔ خواتین کی عفت و عصمت کے تحفظ کو لا حق خطرات اور اس سر عام درندگی کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین ملک بھر میں ہر فورم پر آواز اٹھائے گی۔ دوسری جانب اس واقعہ پر سوشل میڈیا پر ان افراد کو سرعام پھانسی دینے کا مطالبہ بھی زور پکڑ رہا ہے، اس دوران ایک معروف ویب سائٹ نے اس واقعہ پر مختلف طبقات فکر کے لوگوں سے تاثرات معلوم کئے، اس موقع پر خواتین و حضرات نے بھی ان مجرموں کو پھانسی دینے کا مطالبہ کیا اور کئی افراد نے ان درندہ صفت افراد کو پھانسی نہ دینے کی صورت میں حکومت گرانے کی دھمکی دے دی۔