لاہور( این این آئی) تحریک انصاف حکومت کے پہلے سال زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور کرنٹ اکائونٹ خسارے میں نمایاں کمی ہوئی جبکہ قرضوں اور مالی خسارے میں اضافہ ہوا ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے رکن ممالک سے متعلق ڈیٹا رپورٹ
جاری کر دی ہے ۔وفاقی حکومت نے پہلے سال کرنٹ اکائونٹ خسارہ 5 ارب 76 کروڑ ڈالر کم کیا۔ سال 2018 میں کرنٹ اکائونٹ خسارہ 19 ارب ڈالر سے زیادہ تھا جو کہ مالی سال 19-2018 میں کم ہوکر 13 ارب 43 کروڑ ڈالر رہا۔رپورٹ کے مطابق مالی سال 2019 میں معاشی شرح نمو صرف ایک فیصد رہی جبکہ مالی خسارے میں بھی اضافہ ہوا۔ 2018 کی نسبت زرمبادلہ کے ذخائر 5 ارب ڈالر اضافے کے ساتھ 13 ارب 16 کروڑ ڈالر رہے۔اس دوران ملک میں فی کس آمدن 1 لاکھ 98 ہزار روپے ریکارڈ کی گئی۔ 2018 میں آمدن 1 لاکھ 81 ہزار 441 تھی۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے پاکستان میں بیروزگاری کی تازہ صورتحال کا ذکر نہیں کیا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ 2018 میں مہنگائی کی شرح 3.9 فیصد تھی جو 2019 میں بڑھ کر 7.3 فیصد تک پہنچ گئی۔ ملکی آبادی کی شرح میں معمولی کمی ہوئی جبکہ سالانہ شرح 2 فیصد سے کم ہوکر 1.9 فیصد پر آگئی۔