لاہور( این این آئی) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان کو کسی بھی صورت بلیک لسٹ نہیں ہونے دیں گے اور انشا اللہ ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں سر خرو ہو ں گے ، وزیر اعظم عمران خان نے سیاسی اور معاشی مافیاز کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے ، کرپٹ مافیا ہر گلی محلے میں ہے ، کرپٹ لوگوںنے ملک و قوم کا جتنا پیسہ لوٹا ہے وہ ان سے واپس لیں گے، وزیر اعظم عمران خان نے
کوروناوائرس کی وباء کے دوران بروقت اور غیر معمولی فیصلے کئے جس کی وجہ سے دنیا کے مقابلے پاکستان میںاموات کی شرح انتہائی کم رہی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے اپنے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حماد اظہر نے کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان نے انتہائی مشکل معاشی حالات میں ملک سنبھالا لیکن انہوں نے معاشی اورسیاسی مافیازکاڈٹ کرمقابلہ کیا۔ حکومت ایف اے ٹی ایف کے معاملے میں سرخرو ہوگی اورمنی لانڈرنگ کا قانون رکوانے کی کوشش کرنے والوں کو ناکامی کاسامنا کرنا پڑے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وباء کے دنوں میں سب نے ملک بندکرنے کامشورہ دے کر اپنی اپنی سیاست چمکائی لیکن وقت نے ثابت کیا کہ وزیر اعظم عمران خان نے نامساعد حالات میں بھی درست فیصلے کیے اور ہمیں کامیابی ملی ، دنیا کے مقابلے میں پاکستان میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد انتہائی کم رہی ۔ کورونا وباء کے دوران طبی عملے نے فرنٹ لائن سولجر ز کا کردار ادا کیا اور پوری قوم انہیں سلیوٹ پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی ہے ، ملک و قوم کی دولت لوٹنے والوں سے پیسے واپس لیں گے۔