لاہور ( آن لائن ) پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت راولپنڈی رنگ روڈ کے منصوبے کی منظوری دے دی گئی۔راولپنڈی رنگ روڈ کی منظوری پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پالیسی اینڈ مانیٹرنگ بورڈ کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں 10 دیگر منصوبوں کے لیے ٹرانزیکشن ایڈوائزر مقرر
کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ منصوبہ 50 ارب روپے کا میگا منصوبہ ہے جبکہ رنگ روڈ بننے سے راولپنڈی کے شہریوں کے ٹریفک مسائل حل ہوں گے اور علاقے میں معاشی سرگرمیوں میں تیزی آئے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ پراجیکٹ کے لیے طریقہ کار کی مدت کو کم سے کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگلے چند روز میں شیخوپورہ گوجرانوالہ روڈ کے تعمیراتی کاموں کا آغاز کریں گے۔عثمان بزدار نے کہا کہ منصوبے کے امور کی ٹائم لائن طے کی جائیں اور تیزی سے معاملات آگے بڑھائے جائیں، اس منصوبے میں طے کردہ ٹائم لائن میں کوئی تاخیر نہیں ہونی چاہیے۔