اسلام آباد(آن لائن ) وفاقی دارالحکومت میں ہر قسم کی نوکریوں میں اسلام آباد کے رہائشیوں کا 50 فیصد کوٹہ مختص کردیا گیا ہے ۔ کیبنٹ سیکرٹریٹ اسٹبلشمنٹ ڈویژن نے اس ضمن میں باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔نوٹیفیکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی منظوری سے سول سرونٹس (تقرر،ترقی وتبادلہ جات ) رولز 1973میں ترامیم کی روشنی میں بنیادی پے سکیل چھ تا پندر ہ
اور اس کے برابر آسامیوں کے لئے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کا ڈومیسائل رکھنے والے شہریوں کیلئے 50فیصد کوٹہ مختص کیا جائے گا ۔اس کا اطلاق وفاقی وزارتوں،ڈویژنز،ریگولیٹری اتھارٹیز،کارپوریشن/ڈیپارٹمنٹس جو وفاق کے زیر انتظام چلتے ہیں ،پر ہوگا جبکہ وفاقی میں بنیادی پے سکیل ایک تا پانچ کی خالی آسامیوں پر بھرتی کیلئے بھی اسلام آباد کے رہائشیوں کا 50 فیصد کوٹہ ہوگا ۔