اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیرستان میں دہشت گردوں سے لڑتے ہوئے لیفٹیننٹ ناصر خالد شہید ہوگئے۔ پاک فوج کے جوان جب ملک پر کوئی بھی آنچ آتی ہے تو وہ اپنی جان دینے سے بھی دریغ نہیں کرتے، ایسا ہی کچھ لیفٹیننٹ ناصر خالد شہید نے کیا، وہ پاکستان کے امن و امان کے دشمنوں کے خلاف لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے۔ وہ شمالی وزیرستان میں امن دشمنوں کی جانب سے کئے گئے دھماکے میں شہید ہو گئے۔ لیفٹیننٹ ناصر خالد آسٹریلیائی دفاعی فورس اکیڈمی کے گریجو ایٹ تھے،
ان کے والد نے بھی شہادت کا رتبہ حاصل کیا۔ ان کے والد پولیس کے محکمہ میں ذمہ داریاں ادا کرتے ہوئے شہید ہوئے۔ لیفٹیننٹ ناصر خالد اپنے والدین کی اکلوتی اولاد تھے۔ ان کے خاندان میں صرف ان کی والدہ تھیں۔ شہید لیفٹیننٹ کی اپنی والدہ کے ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر وائرل ہیں، جس پر صارفین ان کی والدہ کے لئے دعا کر رہے ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر دیں، پہلے ان کے شوہر ملک کی خاطر شہید ہوئے اور اب ان کا بیٹا اپنے پاک وطن کی خاطر شہادت کے رتبے پر فائز ہوا، یقیناً ان کی والدہ ایک عظیم خاتون ہیں۔