اسلام آباد ( آن لائن)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈینگی بخار کے خطرات کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے تمام ہسپتالوں سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقات کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ڈینگی وباء کے پھیلنے ،خطرات اور روک تھام کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔
وزارت صحت کے حکام نے ڈینگی وباء اور اس کے خاتمے سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی ۔ڈپٹی کمشنر نے اجلاس میں انتظامیہ اور وزارت کے حکام کو الرٹ رہنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی سے متعلق روزانہ کی بنیاد پر رپورٹ فراہم کی جائے ،انہوں نے کہا کہ بتایا جائے کہ اسلام آباد بھر میں روزانہ کتنے مریض ڈینگی سے متاثر ہو رہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی روزانہ کی بنیاد پر ڈینگی کے مریضوں کا ڈیٹا انٹر کیا جائے،ہسپتالوں کو 24 گھنٹے الرٹ رہیں اور ڈاکٹر حاضری کو یقینی بنائیں جبکہ ہسپتال عملے کے پاس انڈرائڈ موبائل فون فراہم کئے جائیں تا کہ تمام ہسپتال ایک دوسرے روابط بہتر بنا سکیں ان کا کہنا تھا کہ ہسپتال میں تعینات کمپیوٹر آپریٹرز کو نیٹ کی سہولت دی جائے۔تمام عملہ ڈینگی ایپ انسٹال کریں اور مریضوں کا ڈیٹا شیئر کیا جائے۔