اسلام آباد(شِنہوا)بلوچستان کے وزیر صنعت محمد خان طور اتمان خیل نے حال ہی میں کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے کان کنی کے شعبے میں غیر ملکی اور مقامی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے تین بڑے اضلاع کو “سنگ مرمر شہر” کا نام دے دیا ہے۔
سرمایہ کاروں کو وسیع پیمانے پر کاروباری مواقع فراہم کرنے کے لئے لورالائی، خضدار اور دالبندین سمیت سنگ مر مر کے شہروں میں خصوصی منڈ یاں قائم کی جائیں گی۔صوبائی وزیرصنعت محمد خان طور اتمان خیل نے کہا کہ سنگ مر مر کے شہروں کے قیام سے30 ہزار مقامی افراد کے لئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس سے وابستہ فوائد سے پورا صوبہ مستفید ہوگا۔صوبائی وزیرصنعت نے کہا کہ اس شعبے میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرنے کیلئے سنگ مرمر کے پتھر تراشنے کی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی، اس اقدام سے ملکی اور بیرونی منڈیوں میں سنگ مرمر کی مختلف اقسام کی طلب کو پورا کرنے میں بھی مدد ملے گی،پاکستان میں سنگ مرمر کے بہت بڑے وسائل ہیں جو بڑے پیمانے پر 3 صوبوں بشمول بلوچستان، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں پھیلے ہوئے ہیں۔