اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)صوبائی دارلحکومت پشاور میں حکومتی اجازت کے بغیر کھلنے والے سکول پر جرمانہ کردیا گیا، خیبر پختونخواہ حکومت کی قائم کردہ پرائیویٹ اسکول ریگولیٹری اتھارٹی نے جرمانہ عائد کیا۔اس حوالے سے اتھارٹی کے ترجمان نےبتایا ہے کہ نجی اسکول کی انتظامیہ پر 60 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا اور اسکول بند کرنے کی
ہدایت بھی کی گئی جبکہ یہ کارروائی حکومتی اجازت کے بغیر اسکول کھولنے پر اسکول مالکان کے خلاف عمل میں لائی گئی، نجی اسکول میں پابندی کے باوجود ناصرف تدریسی عمل جاری تھا بلکہ کورونا کے خلاف ایس او پیز پر بھی عمل درآمد نہیں کیا جا رہا تھا،سکول انتظامیہ کو ایک کو ہفتے کے اندر اندر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ اسی طرح کے ایک اور واقعے میں چند روز قبل حیبر پختونخواہ کے علاقے سوات میں بھی حکومتی اجازت کے بغیر کچھ نجی سکول کھولے گئے تھے جس پر صوبائی حکومت نے فوری ایکشن لیتے ہوئے انہیں بند کروادیا تھا کیونکہ صوبے میں سکول کھولنے کے حوالے سے سرکاری طور پر ابھی تک کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا تاہم دوسری طرف خیبر پختونخوا کے تمام سرکاری اسکول 15 ستمبر سے کھولے جانے کا کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،صوبائی حکومت کی جانب سے اس سلسلے میں اعلامیہ بھی جاری کیا گیا ہے جس کے مطابق خیبر پختونخوا میں سرکاری اسکولوں کو کورونا ایس او پیز کے تحت کھولا جائے گا، مختلف اضلاع کے اساتذہ کو ایس او پیز پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کی تربیت دی گئی ہے۔