کراچی (آن لائن)ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت نے 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دیا ہے، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔تفصیلات کے مطابق ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ
مشکل وقت میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ لوگوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ 20 اضلاع ہیں جنہیں سندھ حکومت نے آفت زدہ قرار دیا، یہ اضلاع وفاقی حکومت کی مدد اور تعاون کے منتظر ہیں۔خیال رہے کہ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) سندھ کی جانب سے جاری کردہ بارش سے ہونے والے نقصانات کی رپورٹ کے مطابق بارشوں کے دوران سندھ میں 28 افراد جاں بحق ہوئے۔بارش کے دوران مکانات، کاروبار، فصلوں اور گھریلو آلات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔سندھ حکومت نے بارش سے متاثرہ افراد کی مالی معاونت کا فیصلہ بھی کیا ہے اور اس حوالے سے کراچی سمیت متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنر کو نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔