پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ناقص و غیر معیاری عمارت کا قومی احتساب بیورو نے نوٹس لے لیا، اس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ موقر قومی اخبار کی رپورٹ کے مطابق نیب خیبرپختونخوا نے شکایت کی تصدیق کے عمل کی منظوری دی ہے۔
یہ منصوبہ بری منصوبہ بندی، غیر ذمہ داری اور غفلت کی ایک بدترین مثال قرار دیا گیا ہے، عمارت کی تعمیر پر لاگت کا تخمینہ 67 کروڑ 21 لاکھ روپے لگایا گیا تھا لیکن اس منصوبے پر ایک ارب 37 کروڑ روپے خرچ ہونے کے باوجود عمارت مکمل نہیں ہو سکی ہے۔ اس حوالے سے نیب ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ نیب خیبرپختونخوا کا ایک اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا جس میں خیبر ٹیچنگ ہسپتال میں ناقص اور غیر معیاری عمارت کی تعمیر سے قومی خزانے کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا گیا اور شکایت کی فوری تصدیق کے عمل کی منظوری دی گئی۔ یاد رہے کہ پروانشنل انسپکشن ٹیم نے اس منصوبے کو بری منصوبہ بندی، ڈیزائن، کنسلٹنٹ کی غیرذمہ داری اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی غفلت کی ایک بدترین مثال قرار دیا تھا۔