اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)ڈاکٹر ماہا کیس میں اہم موڑ، ایف آئی آر میں نامزد مقامی معروف ہسپتال کے ڈینٹسٹ کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ مقدمے میں نامزد ماہا کے دوست جنید خان اور ایک اور ڈاکٹر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
ایس ایس پی انویسٹی گیشن بشیر بروہی کے مطابق نامزد ملزم جنید خان پر ماہا علی پر تشدد کرنے، زخمی کرنے اور دانت توڑنے کا الزام ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار ہونے والے ڈینٹسٹ پر ماہا علی کو اپنے دفتر میں بلا کر نشہ اور شراب پلانے کا الزام ہے۔ملزمان پر لڑکی کو بلیک میل کرنے اور اس سے فحش حرکات کرنے کا بھی الزام عائد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مدعی کا کہنا ہے کہ ان کی بیٹی کو مبینہ طور پر ان افراد نے ایسے حالات کا شکار کیا کہ وہ جان دینے پر مجبور ہوئی۔دوسری جانب نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر ماہا علی کی بہن کی جانب سے یہ انکشاف کیا گیا ہے کہ متوفیہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ ماہا علی کو زیادتی کا نشانہ بنانے میں جنید نامی دوست اور ڈاکٹر عرفان نامی شخص ملوث ہیں،ڈاکٹر ماہا نے اس حوالے سے اپنے دوست وقاص کو سب کچھ بتا دیا تھا۔ بہن کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر ماہا نے خود اسے یہ تمام باتیں بتائی تھیں۔