سکھر(آن لائن)ملک میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں بھی پانی کی سطح بلند، گڈو اور سکھر بیراجوں پر سیلابی صورتحال، کچے کے دیہات زیر آب آنا شروع، سکھر بیراج سے نکلنے والی 4 نہروں کو بند کردیا گیا، تین میں سپلائی کم کردی گئی،تفصیلات کے مطابق ملک میں جاری بارشوں کے باعث دریائے سندھ میں پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ جاری ہے اور دریائے سندھ میں
گڈو بیراج کے مقام پرنچلے درجے کی سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی ہے جبکہ سکھر بیراج پر بھی 24 گھنٹوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے پانی کی سطح بڑھنے کے ساتھ ہی سکھر اور گڈو بیراجوں کے درمیان واقع کچے کے دیہات زیر آب آنا شروع ہوگئے ہیں آبپاشی ذرائع کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران گڈو کے مقام پر 35 اور سکھر بیراج کے مقام پر پانی کی سطح میں 50 ہزار کیوسک کا اضافہ ہواہے سکھر بیراج کے کنٹرول روم انچارج عبدالعزیز کے مطابق بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث گڈو بیراج کی دو نہروں اور سکھر بیراج کی چار نہروں میں پانی کی فراہمی بند کردی گئی ہے جبکہ سکھر بیراج کی تین نہروں میں پانی کی فراہمی کم کردی گئی ہے آبپاشی ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر بارشوں کا یہ سلسلہ پہاڑی علاقوں میں جاری رہا تو آئندہ دو سے تین روز میں دریائے سندھ میں درمیانے درجے کی سیلابی صورتحال کا امکان پیدا ہوجائے گا گڈو بیراج پر پانی کی آمد 2 لاکھ 37 ہزار 479 کیوسک اور اخراج 2 لاکھ 30 ہزار 477 کیوسک،جبکہ سکھر بیراج پر پانی کی آمد 1 لاکھ 81 ہزار 565 کیوسک اور اخراج 1 لاکھ 73 ہزار 865 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ دونوں بیراجوں پر پانی کی سطح تیزی سے بلندی کی طرف گامزن ہے۔ سکھر بیراج سے نکلنے والی 4 نہروں کو بند کردیا گیا، تین میں سپلائی کم کردی گئی