شیخوپورہ (این این آئی) قابل اعتماد ذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے کورونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر عمر رسیدہ افراد کے امام بارگاہوں میں ہونے والی مجالس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے ذرائع کے مطابق اس سلسلہ میں محکمہ داخلہ پنجاب کے ذریعے،
جاری ہونے والے ایک مراسلہ میں کورونا وائرس کو روکنے کے لیے لگائی جانے والی پابندیوں اور ایس او پیز کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ عمر رسیدہ افراد کی جانوں کی حفاظت کے لیے ضروری ہے کہ وہ امام بارگاہوں میں ہونے والی مجالس کی بجائے پرائیویٹ گھروں میں ہونے والی مجالس میں شریک ہوں ،یہ امر قابل ذکر ہے کہ عمر رسیدہ افراد کو کورونا وائرس فوری طور پر اپنی لپیٹ میں لیتا ہے ،حکومت نے مزید ہدایت جاری کی ہے کہ محرم کے دوران نیاز اور تبرک کی تقسیم کے لیے دستر خوانوں کے اہتمام کی بجائے پارسل سسٹم اپنایا جائے، انہوں نے مزید ہدایت جاری کی کہ عمر رسیدہ افراد کے ساتھ ساتھ بیمار افراد بھی عزاداری کے جلوسوں میں شامل نہ ہوں اور اس بارے میں عزاداری کے تمام پروگراموں کے منتظمین کو اعتماد میں لے کر ان پابندیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے اور محرم الحرام میں اتحاد بین المسلمین کی فضاء کو برقرار رکھنے کے لیے طے شدہ ضابطہ اخلاق پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے۔