اسلام آباد (این این آئی) بلاول ہائوس کے ترجمان سریندر ولاسائی نے کہا ہے کہ انوکھا لاڈلا اور اس کے وزرا گیدڑ بھبھکیاں اور سفارتی بڑھکیں مارنا چھوڑ دیں،کرونا وائرس کی مد میں ملنے والی 448 ارب عالمی امداد کا حساب دیا جائے،ملک میں وفاقی پارٹیوں کو کمزور کرنے
کی سازش ہو رہی ہے،نیب کو پی ٹی آئی کا ہتھیار بنایا دیا گیا ہے۔اپنے بیان میں ترجمان بلاول ہائوس نے کہا کہ انوکھا لاڈلا اپنے وزرا میں گالیوں اور جھوٹ کے مقابلے کروا رہا ہے، انوکھا لاڈلا اور اس کے وزرا گیدڑ بھبھکیاں اور سفارتی بڑھکیں مارناچھوڑدیں۔ترجما ن نے کہا کہ کرونا وائرس کی مد میں ملنے والی 448 ارب عالمی امداد کا حساب دیا جائے۔ترجمان نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں ملک پرقرضہ 15096 ارب روپے تھا، پی ٹی آئی نے یہ قرضاجات 43157 ارب پہنچا دیے۔ ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی پہلی بار شرح نمو کو منفی دائرے میں لے گئی،ملک میں وفاقی پارٹیوں کو کمزور کرنے کی سازش ہو رہی ہے،نیب کو پی ٹی آئی کا ہتھیار بنایا دیا گیا ہے۔ ترجمان بلاول ھائوس کا کہنا تھا کہ گونتانامو میں اتنی ہلاکتیں نہیں ہوئیں جتنی نیب کی حراست میں ہوئی ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ہر طرف بندروں کے ہاتھوں میں استرے دے رکھے ہیں۔