کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کی سوئی گیس فیلڈ سے گیس نکالنے کیلئے پانچ سال سے تعطل کا شکار معاہدے میں پیش رفت،وفاقی حکومت بلوچستان کو سوئی گیس سے حاصل آمدنی کا چالیس فیصد دینے پر راضی ہو گئی،وزیر اعلی بلوچستان جام کمال کی منظوری
کے بعد جلد معاہدہ طے پاجانے کا امکان ہے،محکمہ توانائی کے حکام کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی سے گیس نکالنے کیلئے بلوچستان حکومت اور پاکستان پیڑولیم لمیٹیڈ کے درمیان پندرہ سالہ معاہدہ مئی 2015 کو ختم ہوگیا تھا جس کے بعد بلوچستان حکومت نے پرانی شرائظ پر نیا معاہدہ کرنے سے انکار کردیا تھا،پانچ سال کے بعد اب اس معاملے پر پیش رفت ہوئی ہے اور وفاقی حکومت بلوچستان کو سوئی گیس سے ہونے والی امدنی کا چالیس فیصد دینے پر امادہ ہوگئی ہے،امدنی کا چالیس فیصد وفاقی حکومت کو اور بیس فیصد پی پی ایل کو ملے گا،محکمہ توانائی کے حکام کے مطابق وزیر اعلی بلوچستان کی منظوری کے بعد بلوچستان حکومت اور پی پی ایل کے درمیاں پانچ سال سے تعطل کا شکار معاہدہ طے پا جائے گا،ذرائع کے مطابق نیا معاہدہ ہونے کے بعد بلوچستان کو پانچ سال سے پی پی ایل پر واجب الادا بیس ارب بھی مل جائیں گے،جبکہ اس مد میں صوبے کو سالانہ پانچ سے چھ ارب روپے کی امدنی بھی ہوگی۔