اسلام آباد (این این آئی) اسلام آباد کی احتساب عدالت میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔پیر کو توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری ذاتی حیثیت میں عدالت میں پیش ہوئے ۔
آصف علی زرداری کی پیشی کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ،احتساب عدالت کے اردگرد 500 میٹر کے ایریا کو سیل کر دیا گیا جبکہ احتساب عدالت کو جانے والے راستوں پر بھی بلاکس لگا کر سیل کر دیا گیا،وکلا، میڈیا نمائندوں کے علاوہ کسی کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں ۔توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری کے علاوہ نواز شریف اور یوسف رضاگیلانی بھی شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق احتساب عدالت کے احاطہ میں سیکورٹی ہائی الرٹ رہی ،سیکورٹی اہلکاروں نے حصاربنا لیا۔ احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے کہا ہے کہ مجھے بھی احتساب عدالت پیش ہونے میں مشکلات پیش آئیں۔ پیر کو جج احتساب عدالت اصغر علی نے بتایاکہ مجھے بھی پولیس چیک پوسٹ پر روکا گیا اور یوٹرن لے کر دوسرے راستے سے آیا، چھ جگہوں پر تو ناکے لگائے ہوہے تھے، موٹروے پولیس کے آفس کے راستے عقبی راستے سے عدالت پہنچا۔وکلاء نے کہاکہ ہمیں آپ سے اس ہمدردی ہے۔ جج نے کہاکہ میں اس معاملے کو انتظامیہ کے ساتھ اٹھاؤں گا تاکہ آئندہ ایسی صورتحال نہ ہو۔