لاہور( این این آئی )سیشن عدالت میں مخالفین نے پیشی پر آئے ملزم کو عدالت کے باہر فائرنگ کر کے قتل کر دیا اور موقع سے فرار ہو گئے، فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی ، وکلاء اور سائلین اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے ، لاہور بار ایسوسی ایشن نے سکیورٹی کے ناقص انتظامات کے خلاف احتجاجاًعدالتوںکا بائیکاٹ کر دیا ، قائمقام سیشن جج محبوب احسن بخاری نے سیشن کورٹ کا دورہ کیا ،
۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز ایڈیشنل سیشن جج میاں شریف کی عدالت کے باہر قتل کے ملزم کو سرعام فائرنگ کر کے قتل کردیا گیا، ملزم محمد نواز عبوری ضمانت کرانے سیشن عدالت پہنچا تھا۔جہاں تاک میں بیٹھے مخالفین نے اندھا دھند فائرنگ کر دی اور موقع سے فرار ہو گئے ۔ فائرنگ کی زد میں آکر محمد نواز موقع پر ہی دم توڑ گیا ۔فائرنگ سے احاطہ عدالت میں بھگڈر مچ گئی اور وکلاء اور سائلین اپنی جانیں بچانے کیلئے بھاگ کھڑے ہوئے ۔ مقتول کے خلاف تھانہ شاہدرہ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کر رکھا تھا، ملزم پر اپنے رشتے دار جاوید کو پراپرٹی کے تنازعے پرقتل کرنے کا الزام تھا۔واقعے کے بعد ایس پی سٹی تصورعلی پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچے اور موقع سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کو پوسٹمارٹم کے لئے مردہ خانے منتقل کر دیا گیا۔قائمقام سیشن جج محبوب احسن بخاری نے بھی سیشن عدالت کا دورہ کر کے واقعہ سے متعلق آگاہی حاصل کی ۔ صدر لاہور بار جی اے خان طارق نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ اتنا بڑا واقعہ ہونا پولیس کی ناکامی ہے۔بعدا زاں لاہور بار نے احتجاجاً عدالتوں کا بائیکاٹ کر دیا ۔ سی سی پی او لاہور ذوالفقار حمید بھی سیشن کورٹ پہنچ گئے اور جائے وقوعہ کا معائنہ کیا۔سی سی پی او لاہور نے بار عہدیداران سے ملاقات بھی کی۔سی سی پی او نے ایس پی سٹی آپریشنز کو انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ سی سی پی او نے ہدایت کی کہ سیشن کورٹ کے داخلی و خارجی راستوں پر لگے کیمروں سے مدد لی جائے، ذمہ داروں کا تعین کرکے فوری رپورٹ پیش کی جائے۔