لاہور( این این آئی) جوہر ٹائون میں گھریلو جھگڑے پر اہلیہ نے مبینہ طور پر فائرنگ کر کے ڈپٹی ڈائریکٹر ریو نیو واسا شاہد حفیظ کو قتل کر دیا اور بعدازاں خود کو بھی گولی مار کر زخمی کر لیا جنہیں طبی امداد کیلئے جناح ہسپتال منتقل کردیا گیا،اطلاع ملتے ہی ریسکیو ،پولیس اور فرانزک سائنس ایجنسی کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ۔
بتایا گیا ہے کہ پولیس کو اطلاع ملی کہ نا معلوم افراد نے جوہر ٹائون میں اپنی رہائشگاہ پر موجود ڈپٹی ڈائریکٹر ریو نیو واسا شاہد حفیظ کو گولیاں مار دیں جس سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ ان کی اہلیہ شہلا شدید زخمی ہوگئیں۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جنہوں نے زخمی خاتون کو ہسپتال منتقل کیا ۔ پولیس نے فرانزک سائنس ایجنسی کے ماہرین کو بھی طلب کرلیا اور ان کے ساتھ مل کر جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کے بعد لاش کومردہ خانے منتقل کردیا ۔ پولیس کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوئوں سے تحقیقات شروع کی گئیں اور یہ بات سامنے آئی کہ گھریلو جھگڑے پر اہلیہ نے ہی فائرنگ کی جس سے شاہد حفیظ جاں بحق ہو گئے جبکہ بعد ازاں اہلیہ نے گولی مار کر خود کو بھی زخمی کر دیا ۔ پولیس کے مطابق مقتول کے بھائی کی درخواست پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیاگیا ہے ۔



















































