اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) گوجرانوالہ کے شہری نامعلوم سیریل کلر کے خوف سے گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ۔تفصیلات کے مطابق نامعلوم ملزم رات کے اندھیرے میں شہریوں کے گھروں میں داخل ہوتا ہے اور ان کے سروں پر اینٹیں مارکر اور آہنی راڈ کے وار کرکے قتل کر دیتا ہے۔ یہ ملزم اکثر گھر کی چھت پر یا گھر سے باہر سوئے افراد کو نشانہ بناتا ہے۔ لوگوں نے ڈرکے مارے گھروں اور کمروں کے دروازے بندکرکے سونا شروع کردیا اور رات کے وقت
گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں۔ نامعلوم سیریل کلراب تک 2 خواتین سمیت چھ افراد کی جان لے چکا ہے جبکہ 5 افراد کو شدید زخمی کر چکا ہے۔دوسری جانب پے درپے وارداتوں کے باوجود پولیس اس سیریل کلر کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی جا چکی ہیں۔ تاہم جدید ٹیکنالوجی کے باوجود بھی پولیس ملزم کو گرفتار کرنے میں ناکام ہوگئی جس نے پولیس کی کارکردگی پر ہی سوالات اٹھادئیے۔