اسلام آباد (این این آئی)مقبوضہ کشمیرکو پاکستان کے نقشے کا حصہ بنا دیا گیااس حوالے سے وفاقی کابینہ نے پاکستان کے نئے نقشے کی منظوری دے دی، نیا نقشہ اقوام متحدہ میں پیش کیا جائے گا۔پاکستان کے نئے سیاسی نقشے کی تقریب رونمائی سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ
کشمیرپاکستان کا حصہ بنے گا، یہ نقشہ پہلا قدم ہے، تمام کشمیر ی اور ملکی قیادت نے اس نقشے کی تائید کی ہے، اب پاکستان کا سرکاری نقشہ وہی ہوگا جو کابینہ نے منظور کیا ہے۔وزیر اعظم نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا واحد حل اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں ہیں،کشمیریوں کو عالمی برادری کی طرف سے دیا گیا حق خودارادیت اب تک نہیں دیا گیا، مسئلہ کشمیر کا حل ایک ہی ہے جس کے لیے پاکستان کوششیں کرتا رہے گا۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کا حل صرف اقوام متحدہ کی قراردادوں میں موجود ہے، بھارت نے 5 اگست 2019 کو ظلم کیا اور کشمیریوں کا قانونی حق ختم کیا، بھارت چاہتا ہے کہ کشمیری اپنے ہی علاقوں میں اقلیت بن کر رہ جائیں۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پوری قوم کو پاکستان کا نیا نقشہ مبارک ہو، پہلی بار وہ نقشہ منظور ہوا ہے جو پوری قوم کی نمائندگی کرتا ہے۔