اسلام آباد (آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے بلڈرز کمیونٹی کے اعتماد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی سیکٹر کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کے حکومتی عزم کو دہراتے ہوے کہا ہے کہ تعمیراتی سیکٹر چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ تعمیراتی سر گرمیوں میں اضافہ دولت اور روزگار کی تخلیق میں معاونت فراہم کرے گا۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق
ملک کے تیرہ سرکردہ بلڈر نے وزیراعظم عمران خان کو آئندہ چار سے پانچ ماہ کے دوران مختلف منصوبوں کے آغاز کی یقین دہانی کرائی ہے جس سے 1.3 کھرب روپے تک معاشی سرگرمی ہوگی اور 100000 ہاؤسنگ یونٹس کا اضافہ ہوگا۔یہ یقین دہانی این سی سی ہا وسنگ، تعمیرات،اور ڈویلپمنٹ کے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں ہونے والے ہفتہ وار اجلاس کے دوران کرائی گئی۔ اجلاس میں تمام صوبوں کے چیف سیکیرٹریز کے علاوہ کراچی، لاہور، اور اسلام آباد کے سرکردہ بلڈرز اور ڈویلپرز نے شرکت کی ۔ جنہوں نے ملک کے بلڈرز اور ڈویلپرز ایسوسی ایشن کی نمائندگی کی۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے نجی بنکوں کی تعمیراتی سیکٹرز کے لئے تعاون میں توسیع کی حوصلہ افزائی میں گورنر اسٹیٹ بنک کے فعال کردار کو سرہایا۔ بلڈرز اور ڈیویلپرز نے وزیراعظم کو یقین دہانی کرائی کہ موجودہ نظام ان کے معاملات کو جلد حل کرنے میں مدد فراہم کرے گا اور ان کی منظوری سے زیر التواء اربوں روپے کے منصوبے شروع کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ اجلاس میں موجود تیرہ بلڈرز اور آباد کے بلڈرز اور ڈویلپرز کے کئے گئے وعدوں پر جلد عمل کی اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے بلڈرز کمیونٹی کے اعتماد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوے تعمیراتی سیکٹر کو تمام ممکن سہولیات کی فراہمی کے حکومتی عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ بڑے شہر نمو کے لئے ایک انجن کا کام کر رہے ہیں
اور بلڈرز اور ڈویلپرز کے لئے وسیع مواقع فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعمیراتی سر گرمیوں میں اضافہ دولت اور روزگار کی تخلیق میں معاونت فراہم کرے گا۔جو کہ ملکی معیشت کے استحکام اور قرضوں کے بوجھ میں بھی کمی کا باعث ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ تعمیراتی سیکٹر چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعت کا فروغ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور حکومت ان شعبوں کی تمام تر ممکن معاونت کریگی۔
نئے منصوبوں کے لئے آسانی کی فراہمی سے متعلق امور پر بات کرتے ہوے وزیراعظم نے اپلیکیشنز کی تیز رفتار پراسسنگ کی یقین دہانی کرائی اور متعلقہ حکام کو بنیادی سہولیات جیسے کے بجلی اور گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں پیدا کرنے والے عہدیداروں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدائت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ آن لائن اپلیکیشن، ٹریکنگ اور مانیٹرنگ سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے، جبکہ ون ونڈو سہولیاتی مراکز تعمیراتی سیکٹرز میں کاروبار کرنے کے لئے مزید آسانی پیدا کریگا۔