اسلام آباد/لاہور /مریدکے /کراچی/کوئٹہ/پشاور/ریاض/دبئی ( این این آئی )ملک بھر میں 10ذوالحج(بروزہفتہ)عیدالاضحی کا تہوار مذہبی جوش و جذبے اور عقیدت و احترام سے منایا جائے گا ،سعودی عرب سمیت خلیجی اور بعض یورپی ممالک میں کروڑوں مسلمانوں نے سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے عیدالاضحی منائی اور جانوروں کی قربانی کی ۔
عید الاضحی کی مناسبت سے آج بروز ہفتہ صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں میں نمازعید کے اجتماعات ہوں گے جس میں علما ء کرام حضرت ابراہیم علیہ السلام کی عظیم قربانی پر روشنی ڈالیں گے ۔ نماز کی ادائیگی کے بعد ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی، سلامتی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیںمانگی جائیں گی۔ بعد ازاں لاکھوں مسلمان سنت ابراہیمی کی پیروی میں جانوروں کی قربانی کریں گے۔ عیدالاضحی کے موقع پر کسی بھی نا خوشگوار واقعہ سے نمٹے کیلئے سکیورٹی پلان ترتیب دیدیا گیا ہے ۔ تمام اضلاع کے داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے جبکہ مشکوک گاڑیوں کی تلاشی جبکہ تمام راستوں پر بھی پولیس کی جانب سے اضافی چوکیاں اور دستے تعینات کردیئے گئے ہیں ۔عید الاضحی کے موقع پر تمام اہم مساجد اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے انتہائی سخت ہوں گے ۔سعودی عرب سمیت خلیجی اور بعض یورپی ممالک میں عید الاضحی مذہبی جوش و جذبے سے منائی گئی ۔مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ سمیت سعودی عرب کے دیگر شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے جن میں حاجیوں سمیت لاکھوں افراد نے نماز عید ادا کی۔عیدالاضحی کاسب سے بڑا اجتماع مسجدالحرام اور مسجدنبوی میں ہوا جس میں فرزندانِ اسلام نے نماز عید ادا کی اور پھر قربانی کا فریضہ سر انجام دیا گیا۔نماز عید کے اجتماعات کے موقع پر سماجی فاصلے کا خیال رکھا گیا اور احتیاطی تدابیر پر مکمل عملدرآمد کیا گیا۔ اس موقع پر اسلام کی سربلندی، امت مسلمہ کی سلامتی اور ترقی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔متحدہ عرب امارات، مصر، کویت، اردن، بحرین ،قطر انڈونیشیا، ایران، ترکی ،مصر اور ملائیشیا میں بھی عید سادگی سے منائی گئی اور بعد ازاںسنت ابراہمی پر عمل کرتے ہوئے قربانی کی گئی۔ترکی کی تاریخی مسجد آیا صوفیہ میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا جس میں لوگوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ برطانیہ سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں بھی عید منائی گئی ، امریکہ کی کچھ ریاستوں میں بھی عید منائی گئی۔