راولپنڈی (آن لائن) کراچی میں سول انتظامیہ کی مدد کے لیے فوج کو طلب کر لیا گیا ہے۔ پاک فوج کو اربن فلڈنگ کی صورتحال کے لیے طلب کیا گیا ہے۔جمعرات کے روز پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کراچی میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال کے پیش نظر سول انتظامیہ کی مدد کے لیے پاک فوج کو طلب کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے ا ین ڈی ایم اے کو امدادی سرگرمیوں کے لئے فوری کراچی بھیجنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق حکومت نے کراچی شہر کی صفائی
کے لئے پاک فوج کی خدمات لینے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔حکومت نے این ڈی ایم اے کو کراچی بھیجنے کے لئے وفاقی کابینہ سے ہنگامی منظوری لے لی۔این ڈی ایم اے اور فوج کو کراچی بھیجبے کے لئے کابینہ سے سرکولیشن کے ذریعے منظوری لی گئی۔فوج کی مدد سے شہر بھر کی صفائی اور بارش کے نقصان کا ازالہ کیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے ایک روز قبل ٹوئٹ میں کہا تھا کہ انہوں نے چیرمین این ڈی ایم اے کو فوری کراچی پہنچنے کی ہدایت کی ہے ،این ڈی ایم اے کراچی میں حالیہ بارشوں کے بعد صفائی کا عمل شروع کرے۔