سرگودھا (آن لائن)جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ میں یہ بات تسلیم کرتا ہوں کہ اپوزیشن حکومت کیخلاف ابھی مکمل طور پر متحد نہیں۔ اسمبلی میں قانون سازی پر حکومت کو ریلیف دینا اس کی مثال ہے۔ اپوزیشن کو نہ ریلیف لینا چاہیئے اور نہ ہی ریلیف دینا چاہئیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو سرگودھا آمد کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ اپوزیشن کو حکومت کیخلاف کسی قسم کی مصلحت کا سامنا
بھی نہیں کرنا چاہئیے۔ انہوں نے کہا کہ عید الضحی کے بعد ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس میں حکومت کیخلاف اہم فیصلے ہونگے۔ مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ عوام کی حمایت سے سڑکوں پر آئیں گے۔ سیاست میں ہمشہ انتظار کا پہلو ہوتا ہے۔ بعض اوقات تحریکوں کے نتائج فوری نہیں نکلتے۔ تاریخ اور وقت ثابت کریں گا کہ ہمارا دھرنا کامیاب تھا۔ مولانا فضل الرحمن نے اس موقع پر جمعیت کے وفات پا جانے والے مقامی رہنماؤں کے گھروں میں جا کر تعزیت کا اظہار کیا۔