اسلام آباد(آن لائن) پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی کی حکومت میں نیب قانون میں اصلاحات کی کوشش کی لیکن مسلم لیگ ن نے ساتھ نہیں دیا تھا۔ تحریک انصاف نے دو سال میں نیب میں کوئی اصلاحات نہیں کیں جبکہ بیرون ملک سے لوٹی ہوئی رقم بھی واپس نہیں آئی۔ نیب کے خلاف سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی حکومت کے لئے کافی ہے۔ ہفتے کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلزپارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ حکومت ہماری ماضی کی غلطیوں پر کب تک سیاست کرتی رہے گی۔ تحریک انصاف کو اقتدار میں آئے ہوئے دو سال
مکمل ہو چکے ہیں۔ ان کی کوئی سمت ہی نہیں ہے۔ نیب کے متعلق سپریم کورٹ کا فیصلہ ہی حکومت کے لئے کافی ہے۔ تحریک انصاف نے کہا تھا کہ بیرون ملک سے لوٹی رقم واپس لائیں گے ۔ دو سال مکمل ہو گئے ہیں۔ حکومت اب تک لوٹی رقم واپس لائی ہے؟ حکومت نے اب تک کوئی ایسی اصلاحات نہیں کیں جن سے سمت کا پتہ چل سکے۔ قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی دور میں نیب اصلاحات لا رہے تھے۔ مسلم لیگ ن نے ساتھ نہیں دیا۔ مسلم لیگ ن کے دور میں کمیٹی کی ممبر شیریں مزاری نے بائیکاٹ کیا۔ نیب قوانین کے متعلق موجودہ حکومت نے اب تک کچھ نہیں کیا۔