اسلام آباد (این این آئی)جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے رہنما حافظ حمد اللّٰہ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان کے بھائی ضیاء الرحمان کی تعیناتی انتظامی معاملہ ہے، ضیاء الرحمان کی تعیناتی پر پاکستان تحریک انصاف کو کیوں تکلیف ہو رہی ہے۔ایک بیان میں حافظ حمد اللّٰہ نے کہا کہ اگر ضیاء الرحمان کراچی میں ڈی سی تعینات ہوئے تو کونسی عجیب بات ہے، کیا ضیاء الرحمان کا جرم یہ ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمان کا بھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ ضیاء الرحمان
پہلے بھی خیبر پختونخوا اور پنجاب میں انتظامی عہدوں پر فائز رہے، جبکہ ضیاء الرحمان کی تعیناتی چاروں صوبوں میں کہیں بھی ہو سکتی ہے۔حافظ حمد اللّٰہ نے سوال اٹھایا کہ کیا وفاقی حکومت میں آدھے مشیر اور معاون خصوصی دہری شہریت والے نہیں؟، دہری شہریت والے کابینہ میں بیٹھ سکتے ہیں؟، ضیاء الرحمان تو پاکستانی شہری ہیں۔انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈا پور ہمیں بتائیں کہ مقبوضہ کشمیر کا حالیہ اسٹیٹس کیا ہے؟، گنڈا پوری شہد کیس کا کیا بنا؟۔