راولپنڈی(این این آئی)راولپنڈی میں چونترہ کے علاقے میں دو گروہوں کے مابین خونیں تصادم میں خواتین اور بچیوں سمیت 9 افراد ماردئیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق فائرنگ کا واقعہ تھانہ چونترہ کے علاقہ میال گائوں میں پیش آیا، تصادم رب نواز اور امجد گروپ میں ہوا۔ جس کے دوران فائرنگ سے 9 افراد جاں بحق ہوگئے۔فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی سٹی پولیس آفیسر محمد احسن یونس نے فوری طورپر ایس ایس پی آپریشنزاور ایس پی صدرکو پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ موقعہ پرروانہ کرنے کے بعد خود بھی موقعہ پر پہنچے۔واقعہ میں 5خواتین میں سلیم اختر،
نثار بی بی، سدرہ بی بی، عذرہ بی بی، عابدہ شاہین جاں بحق ہوئیں جب کہ تین بچیاں 7 سالہ ایمان فاطمہ، 13 سالہ غزالہ بی بی، 16 سالہ صبیحہ خاتون اور 9 سالہ فرحان بھی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ اس ہولناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ۔ابتداء تحقیقات کے مطابق فائرنگ کا واقعہ اظہر، نذر اور امتیاز گروپ اور رب نواز گروپ ، امجد گروپ کے مابین پیش آیا،وجہ تنازعہ چند روز قبل میال گاؤں میں خاتون کو مار دیا جانا اور دیرینہ دشمنی کا ہے ۔