اسلام آباد(آن لائن)سابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان کو مودی کا یار کہہ کر ہم نے حساب برابر کیا ہے،تحریک انصاف نے اپوزیشن میں رہتے ہوئے روایات کا خیال نہیں رکھا جبکہ حکومت میں آکر بھی روایات کا لحاظ نہیں کیا،تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے،حکومت ہماری طرف دو قدم بڑھائے ہم چار بڑھائیں گے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ حکومت نے ایوان میں کلبھوشن یادیو کے
معاملے پر غلط بیانی کی ہے،وفاقی وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری کہہ رہی تھیں کہ مسلم لیگ ن عالمی عدالت انصاف میں گئی،ان کو حقائق ہی معلوم نہیں ہیں،آج وہ وزیر صاحبہ شاید کلبھوشن یادیو کے حقوق کا تحفظ کر رہی تھیں،کیا بھارت میں پاکستان اورکشمیر کے قیدیوں کے کوئی حقوق نہیں ہیں،کیا حکومت نے ان پاکستانیوں اور کشمیریوں کے حقوق کے لئے آواز اٹھائی ہے۔انہوں نے کہا کہ سقوط کشمیر ہوچکا ہم کچھ نہیں کرسکے جبکہ یہ لوگ کلبھوشن کے حقوق کا تحفظ کر رہے ہیں،سارے بندوبست کر رہے ہیں،آج کون مودی کا یار ہے مودی کا یار نوازشریف ہے یا عمران خان؟،پاکستان کیلئے تو کوئی عالمی ذمے داری پوری نہیں ہوئی۔خواجہ آصف نے کہا کہ ملک میں ہماری روایات کو کس نے خراب کیا،سیاست میں شرم ولحاظ کہاں چلا گیا،تحریک انصاف نے کنٹینر پر126دن جو زبان استعمال کی کیا وہ ہماری روایت کے مطابق تھی،ان لوگوں نے نہ روایات اپوزیشن میں رہتے ہوئے پوری کیں اور نہ ہی حکومت میں آنے کے بعد کر رہے ہیں،میڈیا کی آزادی اور سیاسی جماعتوں کے ووٹ کا بھی احترام کریں۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہم نے عمران خان کو مودی کا یار کہہ کر حساب برابر کیا ہے،یہ ہمیشہ نوازشریف کو مودی کا یار کہتے تھے،آج ہم نے بدلہ لے لیا ہے۔انہوں نے کہا کہ تالی دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے حکومت ہماری طرف دو قدم بڑھائے ہم چار قدم بڑھائیں گے۔خواجہ آصف نے مزید کہا کہ عمران خان کنٹینر سے گر کر زخمی ہوئے تو نوازشریف خودچل کر ان کی خیریت دریافت کرنے گئے تھے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان دوسروں کے بیرون ملک علاج پر تنقید کرتے ہیں یہ خود بھی زخمی ہونے کے بعد بیرون ملک علاج کروانے گئے تھے۔خواجہ آصف نے کہا کہ دنیا گول ہے جیسا کرو گے ویسا بھرو گے کل یہ لوگ ہمیں غدار اور مودی کا یار کہتے تھے آج ہمیں موقع ملا ہے تو ہم نے بدلہ لے لیا ہے۔