اسلام آباد(آن لائن)وفاقی دارالحکومت میں ادویات ساز کمپنی میں زہریلی گیس کے کیپسول لیک ہونے پر شارٹ سرکٹ کے باعث ایک شخص جاں بحق اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں ،پولیس واقعہ سے لاعلم نکلی ، کمپنی نے واقعہ کو چھپانے کے لئے شارٹ سرکٹ کا رنگ دے کر لاش فوری طور پر ورثاء کے حوالے کروا دی ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سیکٹر آئی نائن میں انٹرنیشنل دوا ساز کمپنی ویلسن کے ذیلی ادارے ہیلتھ کیئر میں گزشتہ روز ان کے ملازم 40سالہ نعیم اس کمرے میں داخل ہوئے جہاں معدے کی ادویات کے کیپسول بنا کرتے تھے ۔
آئی ٹی اے روم میں متعدد کیپسول کے کھلے رہنے کے باعث ان کی گیس کمرے میں بھر چکی تھی اور جیسے ہی نعیم اندر داخل ہوا تو اس نے لائٹ جلائی جس سے فوری آگ بھڑک اٹھی جس سے وہ شدید زخمی ہو گیا اور اسے پمز ہسپتال میں لایا گیا تو وہ وفات پا چکا تھا ۔چالیس سالہ نعیم کی ایک بہن اور بھائی بھی ادویات ساز کمپنی میں ملازم ہیں ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کمپنی کی جانب سے فوری طور پر شارٹ سرکٹ ہی کہا گیا ۔پولیس سے موقف جاننے کے لئے متعدد بار تھانہ آئی نائن فون کیا تو وہ لا علم نکلے ۔