کراچی (این این آئی)حکومت اہلسنّت کو دیوار سے لگانا چھوڑ دے ورنہ اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے، ان خیالات کا اظہار تحریک محبان اعلیٰ حضرت کے صدر محمد وسیم عطاری نے مفکر اسلام قائداہلسنّت ڈاکٹر اشرف آصف جلالی کی جھوٹے مقدمے میں گرفتاری پر اپنا سخت ردعمل دیتے ہوئے کیا۔ وسیم رضا نے کہاکہ پنجاب حکومت دانستہ طور پر حالات خراب کررہی ہے اور ملک کو فرقہ وارانہ فسادات کی آگ میں جھونکنا چاہتی ہے، حکومت پنجاب ہوش کے ناخن لے اور فوری طور پر قائداہلسنّت کو رہا کرنے کے احکامات جاری کرے، بصورت دیگر عوام
اہلسنّت ملک بھرمیں سخت ترین احتجاج کرتے ہوئے مخالفین کی اینٹ سے اینٹ بجادینگے۔وسیم رضا نے کہا کہ مخالف فرقے کے لوگ ہوش میں رہیں کسی میں اتنی ہمت نہیں کہ وہ مرکزاہلسنّت کی طرف میلی نظر اٹھا کر دیکھے، ہماری امن پسندی کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ہم امن پسند ضرور ہیں مگر بزدل وبے غیرت نہیں۔ وسیم رضا کا کہنا تھا کہ صحابہ اکرام کی شان میں توہین کرنے والے سرعام گھوم رہے ہیں ان کی تقاریر نیٹ پر بطور ثبوت موجود ہیں اگر حکومت واقعی اس معاملے میں مخلص ہے تو ان گستاخوں کے خلاف کاروائی کیوں نہیں کرتی۔