اسلام آباد (این این آئی)پاکستان میں آسٹریلوی ہائی کمشنر ڈاکٹر جیفری شا نےایک ٹوئٹ میں پاکستان کے معروف میوزیکل شو ، کوک اسٹوڈیو پاکستان کیلئے اپنی پسندیدگی کا اظہارکیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ کا رخ کرتے ہوئے ، ڈاکٹر شا نے اسپاٹیفائی پر اپنے پسندیدہ گانوں کی ایک پلے لسٹ شیئر کی جس میں کوک اسٹوڈیو کے گانے ، زیب بنگش کا آجا ر ے مورے سئیاں، عارف لوہار اور میشا شفیع کا الف اللہ
، عاطف اسلم کا تاجدار حرم نوری اور شلپا راؤ کا پار چناب دے ، اور صنم ماروی اور سائین ظہور کا لاگی بنا شامل تھے۔کوک اسٹوڈیو کو “پاکستان کی بہترین موسیقی” قرار دیتے ہوے ڈاکٹرشا نے مزید کہا کہ “پاکستان کی لوک موسیقی بہت مسحورکن ہے، اس کی روحانی شاعری اور عمدہ میوزیکل کمپوسیشن میرے موجودہ گھر پاکستان کی منفرد اور خوبصورت ثقافت کی نشاندہی کرتی ہیں ‘‘۔