اسلام آباد (این این آئی)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کے اندراج کیلئے کراچی میں دفترقائم کردیا۔نیپرا کی جانب سے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صارفین کے الیکٹرک کے خلاف شکایات کراچی میں قائم دفتر میں درج کراسکتے ہیں۔نیپرا کے اعلامیے کے مطابق نیپرا دفتر کی جانب سے متنازع بلوں کافیصلہ ہونے تک صارف کے الیکٹرک کا بل جمع نہیں کرائیگا۔اعلامیے میں کہا گیا کہ متنازع بل کافیصلہ آنے تک کے الیکٹرک صارف کی بجلی بھی منقطع نہیں کریگی۔
واضح رہے کہ کراچی میں 8 سے 10 گھنٹے کی بدترین اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا دوبھر کر رکھا ہے جبکہ بجلی کی بندش سے پانی کا بحران بھی جنم لے چکا ہے اور کے الیکٹرک نے فیول و گیس کی کمی کا بہانہ بناکر لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے۔کراچی میں لوڈشیڈنگ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لیا تھا جب کہ نیپرا کی جانب سے معاملے کی تحقیقات کے لیے کمیٹی بھی قائم کی گئی ہے جو کہ لوڈ شیڈنگ کے مسئلے کی تحقیقات کررہی ہے۔