اسلام آباد (این این آئی) سینیٹ میں سابق چیئرمین رضاربانی سمیت اپوزیشن نے فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی کی درخواست سے متعلق آرڈینس پر احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے وضاحت کا مطالبہ کردیا۔بدھ کو اجلاس کے دور ان سینیٹ میں اپوزیشن نے آرڈیننس کو بھارتی خفیہ ایجنسی را کے گرفتار جاسوس کلبھوشن یادیو کے لیے ایک سہولت قرار دیتے ہوئے حکومت سے وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا۔رضا ربانی نے کہا کہ رات کے اندھیرے میں ایک آرڈیننس جاری کیا گیا، بین الاقوامی عدالت انصاف نظر ثانی اور
از سر نو غور سے متعلق آرڈینس 20 مئی کو جاری ہوا۔انہوں نے کہا کہ آرڈینس کے مطابق کوئی غیر ملکی شہری، یا مشن کا کوئی شخص فوجی عدالت کے فیصلے کے خلاف نظر ثانی یا دوبارہ غور کی درخواست آرڈینس اجرا کے 60 دن کی اندر ہائی کورٹ میں دائر کر سکتا ہے۔رضا ربانی نے کہا کہ جس دن شہدا کشمیرکادن منایا جارہا تھا اسی دن دفترخارجہ نے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ واہگہ کے ذریعے کھولنے سے متعلق اعلان کیا۔رضا ربانی نے چاہ بہار معاہدے سے متعلق پارلیمان کو اعتماد میں لینے کا مطالبہ بھی کیا۔