لاہور (آن لائن) صوبائی وزیرٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت مکمل ہونے والا اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ دو طرفہ معاشی تعاون کا شاہکار ہے۔ یہ بات انہوں نے یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔
جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ اورنج لائن میٹرو ٹرین پاک چین دوستی کی اعلی مثال، سی پی پیک منصوبے کا حصہ ہے۔اورنج لائن میٹروٹرین کا تعمیراتی کام تقریباً مکمل ہوچکا ہے، جلد عوام کو بہترین سفری سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے کہا ہے کہ کورونا کی عالمی وبا سے پیدا ہونے والی رکاوٹوں کے دور ہوتے ہی ٹرین سروس کا باقاعدہ آغاز کردیا جائے گا- انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے اورنج لائن ٹرین چلا کر سابقہ حکومتوں کے منصوبے بند کرنے کی روایت کے خاتمے کی بنیاد رکھ دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے مسافروں کے تحفظ کے لئے ایس او پیز کے تحت اورنج لائن میٹرو ٹرین چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی نے کہا ہے کہ لاہور کے شہریوں کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کرنے کا اہتمام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ اس منصوبے سے شہریوں کو تیز رفتار، محفوظ اور آرام دہ سفری سہولیات ملیں گی اور یہ منصوبہ ٹرانسپورٹ کے نظام کو جدت بخشے گا۔