حیدرآباد(آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ن)پنجاب نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے کہا ہے کہ جمہوریت کی بقا کے لیے مڈٹرم الیکشن کروائے جائیں کیونکہ پاکستان کے مسائل کا اب یہ ایک ہی حل ہے تجربات بند کئے جائیں۔حکومت کی تمام پالیسیاں ناکام ہوگئی ہیں۔وہ حیدرآباد میں میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ رانا مشہود نے کہا کہ یہ کرپٹ حکمران آ ٹا اور چینی چور ہیں۔ انہوں نے ادویات اور یوریا بھی مہنگی کردی ہے۔
حکومت معیشت اور کورونا کے محاذ پر ناکام ہوئی جس کی سزا عوام کو مل رہی ہے۔ کورونا وائرس میں ہزاروں اموات ہوئی اور لاکھوں لوگوں کو کورونا ہوا یہ صرف اور صرف حکومت کی نااہلی کی وجہ سے ہوا۔ اگر یہ بارڈر وقت پر سیل کردیتے تو باہر سے لوگ نہیں آ تے اور معیشت کا بیڑا غرق نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس آ نے سے پہلے ہی پاکستان کی معیشت کا بدترین حال ہوچکا تھا ۔ انہوں نے کہ اب وفاقی وزرا کا روز نیا اسکینڈل سامنے آ رہا ہے۔ اس حکومت کو پورا وقت دیا جائے ۔ اپوزیشن نے انہیں بالکل تنگ نہیں کیا اس کے باوجود ان کی کارکردگی صفر ہے۔ لہٰذا ان نااہل حکمرانوں کا کڑا احتساب ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ آ ج عوام نواز شریف کے دور کو یاد کررہے ہیں کیونکہ اس وقت خوشحالی تھی۔ نواز شریف پاکستان کو اور آ گے لے کر جاتے۔ مسلم لیگ (ن) پاکستان اور مضبوط کرتی۔انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اکٹھی ہے ، ووٹ کو عزت دو کے نعرے کا فیصلہ ہوا تھا لیکن پھر کچھ جماعتوں نے مصلحت کے تحت ساتھ نہیں دیا ، موجودہ حکومت کیخلاف عدم اعتماد اآچکا ہے ، بجٹ پاس کرنے کے دوران انہیں صرف 160 ووٹ ملے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ آج چند لوگوں کو پیسہ دیا جارہا ہے اور یہ وہ لوگ ہیں جو عمران خان کے ساتھ ہیں اور ان سے عمران خان بھتہ لیتا ہے ، آئے دن بھتہ خوروں کو سہولیات فراہم کرتے ہیں۔