اسلام آباد(این این آئی) اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں مندر کی تعمیر کیخلاف دو نئی درخواستیں بھی نمٹا دیں ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے سماعت کی۔ عدالت نے کہاکہ اس نوعیت کی درخواستیں پہلے ہی غیر موثر ہوچکی ہیں، ابھی مندر کی تعمیر کے لیے کچھ نہیں ہورہا سی ڈی اے کو فیصلہ کرنا دیں۔ عدالت نے کہاکہ اگر قانون کی خلاف ورزی ہوئی ہے
تو ہوسکتا ہے سی ڈی اے ہی مندر کی الاٹمنٹ منسوخ کردے۔ جسٹس عامر فاروق نے کہاکہ اسلام نظریاتی کونسل کی رائے بھی آنے دیں۔ عدالت نے کہاکہ فیصلے میں لکھا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں عدالت سے دوبارہ رجوع کیا جاسکتا ہے۔ عدالت نے کہاکہ اسلامی نظریاتی کونسل کی رائے اور سی ڈی اے کی فیصلے سے مطمئن نہ ہوں تو عدالت سے رجوع کیا جاسکتا ہے۔