لاہور(این این آئی) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ حکمرا ن اپنے سوا سب کو چور اور ڈاکو سمجھتے ہیں،حکومت نے ملک کا سوا ستیا ناس کر دیا ہے، اپوزیشن اور میڈیا کو نشانہ بنانے کے باوجود حکمرانوں کی انتقام کی آگ بجھنے کا نام ہی نہیں لے رہی، یہ جیسے اقدامات اٹھا رہے ہیں اس طرح ملک اور جمہوریت نہیں چلتے،جو میر شکیل الرحمان کا جرم ہے وہی محسن نقوی کا جرم ٹھہرا، مطالبہ ہے کہ ٹونٹی فور نیوز چینل کا لائسنس بحال کیا جائے۔ گفتگو کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ
حکمرانوں میں سچ کا سامنا کرنے کی جرات نہیں، جب میڈیا آئینہ دکھاتا ہے تو آزادی صحافت پر حملہ کردیا جاتا ہے۔ اسی طرح جب اپوزیشن ان کی خامیوں کی نشاندہی کرتی ہے تو اسے جیلوں میں ڈال دیا جاتا ہے۔ حکمران اپنے سوا سب کو چور او ر ڈاکو سمجھتے ہیں، موجودہ دور میں اقربا پروری اور کرپشن اپنے عروج پر ہے، موجودہ حکمرانوں نے ملک کا سوا ستیا ناس کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی حکومت کو تنقید کا سامنا حوصلے سے کرنا چاہیے اور اس پر دلیل سے رد عمل دینا چاہیے لیکن موجودہ حکمران میڈیا کا گلہ دبارہے ہیں۔