لاہور(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمدشہباز شریف نے ٹڈی دل کے حملے میں شدت کے باوجود سپرے شروع نہ ہونے اور آلات کی عدم فراہمی کو مجرمانہ غفلت قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا والا رویہ ٹڈی دل کے معاملے میں نہ اپنایاجائے،
فوری سپرے شروع کیا جائے،چھ ماہ سے حکومت کو خبردار کیاجارہا ہے لیکن تاحال مطلوبہ ساز وسامان اور سپرے آلات کی عدم دستیابی حیران کن ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کپاس، تل، مونگ اور دیگرنقدآور فصلوں کی تباہی نہ روکی گئی تو خدانخواستہ ملک میں بدترین قحط کی صورتحال ہوسکتی ہے،ملک کے 35 فیصد رقبے کو ٹڈی دل سے محفوظ بنانے کے لئے وفاق اور صوبے مل کر جامع حکمت عملی بنائیں،ٹڈی دل تلف کرنے کے لئے قومی حکمت عملی اور مناسب وسائل مہیا کئے جائیں،فوڈ سکیورٹی قومی سلامتی میں شامل ہے اس پر غفلت یا لاپرواہی کی گنجائش نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کورونا سے پہلے ہی ملک وقوم امتحان میں ہیں، ٹڈی دل سے فوڈسکیورٹی کا مسئلہ حالات کی سنگینی بڑھا دے گا،وزیراعظم اور حکومت حالت انکار سے نکل کر آنکھیں کھول کر حقائق دیکھے، عوام اور کسان کی چیخ وپکار سنے،715 ایکڑ پر 15 قسم کی فصلوں کا اب تک ٹڈی دل سے نقصان ہوچکا ہے جو خطرے کی گھنٹی ہے،بلوچستان، سندھ اور پنجاب میں چولستان اور گردونواح کے علاقے ٹڈی دل سے سب سے زیادہ متاثر ہوچکے ہیں۔