اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ہسپتالوں میں کورونا کے نام پر کروڑوں کا دھندہ جاری، کورونا ٹیسٹ کی مد میں 33 کروڑ 62 لاکھ روپے بٹور لئے گئے۔ ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق کراچی کے نجی ہسپتال اب تک کورونا ٹیسٹ کی مد میں 33 کروڑ 62 لاکھ عوام سے بٹور چکے ہیں۔
کورونا کے مریض کے ایک دن کا خرچہ تیس ہزار سے ڈیڑھ لاکھ روپے تک لیا جا رہا ہے، بعض نجی ہسپتالوں میں دو لاکھ روپے بھی لئے جا رہے ہیں، یہی نہیں موت سے جنگ لڑنے والا ہسپتال میں تین لاکھ سے دس لاکھ روپے ایڈوانس جمع کرانے پر مجبور ہے۔ ایک دن آئسولیشن کا ایک لاکھ اور وینٹ کے ساتھ ڈیڑھ لاکھ روپیہ وصول کیا جا رہا ہے۔ رپورٹ کے مطابق اگرنجی ہسپتال سے کورونا کا ٹیسٹ کیا جائے تو یہ ٹیسٹ 7 ہزار 9 سو کا ہے۔ اب تک تین سے چار ماہ میں 42 ہزار سے زائد ٹیسٹ ہوئے ہیں، صرف ان کی مد میں نجی ہسپتال 33 کروڑ روپے بنا چکے ہیں۔ نجی ٹی وی چینل نے دو مختلف نجی ہسپتالوں سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ مریض کو دس لاکھ روپے ایڈوانس میں جمع کرانا ہوں گے دس دن کے لئے، دوسرے نجی ہسپتال نے کہا کہ ایڈوانس کی مد میں تین لاکھ روپے جمع کرانا ہوں گے، دونوں نجی ہسپتالوں نے بتایا کہ کورونا کے مریض کا روزانہ کا خرچ تقریباً ایک لاکھ سے ڈیڑھ لاکھ روپیہ ہے۔ غرض نجی ہسپتال کورونا کے نام پر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں پہلے تو یہ کہا جاتا ہے کہ جگہ ہی نہیں ہے لیکن بعد میں مریض کو ایڈوانس رقم لے کر رکھ لیا جاتا ہے۔