اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ میں شہزاداکبر کیخلاف توہین عدالت درخواست دائرکردی گئی،توہین عدالت کی درخواست محمد عالمگیر خان ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے ۔درخواست میںموقف اپنایا گیا ہے کہ مئی 2019 میں صدر مملکت نے قاضی فائز کیخلاف ریفرنس بھیجا، جس پر سپریم جوڈیشل کونسل نے قاضی فائز عیسیٰ کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔
قاضی فائز عیسیٰ نے شوکاز نوٹس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیا،جسٹس فائز عیسیٰ نے وزیراعظم کے معاون خصوصی شہزاداکبر کی اہلیت پر سوال اٹھایا، شہزاد اکبر نے 2 جون 2020 کو ایک پریس کانفرنس کی،پریس کانفرنس میں جسٹس فائز عیسیٰ کو بدنام کیا اور انہیں ملزم قرار دیا،شہزاد اکبر کی نیوز کانفرنس اخبارات اور نیوز چینلز پر نشر ہوئی،شہزاد اکبر نے بدنیتی اور منفی اداروں کے تحت یہ الفاظ استعمال کیے ہیں، شہزاد اکبر کا یہ بیان پوری عدلیہ کی توہین کے مترادف ہے،شہزاداکبر حکومت کے ملازم ہیں جو عدلیہ کیخلاف پریس کانفرنس کررہے تھے، حکومت ملازم کو ضرورکسی کی پشت پناہی حاصل ہے ،اس سرکاری ملازم کی پریس کانفرنس سے وزیراعظم سمیت کسی نے لاتعلقی کا اظہار نہیں کیا، درخواست میں عدالت عظمیٰ سے استدعا کی گئی ہے کہ شہزاداکبر کیخلاف توہین عدالت کیس عمل میں لانے سمیت اس پریس کانفرنس کو شائع اور نشر کرنے والوں کو بھی طلب کریں اور کاروائی کی جائے ۔