لاہور( آن لائن ) فلور ملز کی جانب سے آٹے کی قیمت میں اضافے کے بعد لاہور کے نان بائیوں نے روٹی مہنگی کرنے کا اعلان کردیا ہے۔نان بائیوں کا کہنا ہے کہ فلور ملز نے آٹے کی قیمت بڑھا دی ہے اور ہم پرانی قیمت پر نان اور روٹی فروخت نہیں کر سکتے حکومت ریلیف فراہم کرے۔
نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے ریلیف فراہم نہ کیا تو پانچ جون کو قیمتوں میں اضافے کا حتمی اعلان کریں گے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت آٹے کی قیمتوں کو پرانی سطح پر لائے گی تو ہم نان روٹی کا ریٹ نہیں بڑھائیں گے۔ ہمارے اخراجات بڑھ رہے ہیں، قیمتوں میں اضافہ اب ناگزیر ہوگیا ہے۔ فلو ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اوپن مارکیٹ میں گندم بہت مہنگی ہوچکی ہے جس کیباعث پرانے نرخوں پر آٹے کی فروخت ممکن نہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ پنجاب میں اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 1600 روپے فی من ہے۔گندم کی قیمت بڑھنے کے سبب 20 کلوگرام کے تھیلے کی نئی قیمت ایکس مل نرخ 900 روپے اور ریٹیل قیمت 925 روپے ہو گی تاہم جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں گندم کی قیمت 1550 اور 1525 روپے فی من ہے ان شہروں میں 20 کلوگرام تھیلے کی قیمتوں میں 50 روپے سے لے کر 60 روپے فی تھیلا مہنگا ہوا ہے۔