اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کورونا کیسز میں اضافہ ہو رہا ہے، پاکستانی شاید سمجھ رہے ہیں کہ کورونا صرف عید تک تھا، اگر ہم نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کیں تو بہت بڑا بحران پیدا ہو سکتا ہے۔
عید کے بعد دوبارہ لاک ڈائون کا عندیہ دے دیا گیا۔ ڈاکٹر ظفر مرزا نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کورونا پاکستان سے کب ختم ہوگا، اس بارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہو گا، انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان میں تقریباً 37 ہزار 700 کورونا کے مریض زیر علاج ہیں۔ کورونا کیسز میں پاکستان میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے، انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں 56 ہزار349 کورونا کے کنفرم کیسز ہیں اگر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کیا تو دوبارہ لاک ڈاؤن کرنا پڑسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈائون میں نرمی سے بازاروں میں احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کی جا رہیں، انہوںنے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ بیماری کو روکنے کا سبب بنیں، پھیلانے کا نہیں، عید پر مشاہدہ رہا کہ ایس او پیز پر عمل درآمد نہیں ہو رہا۔