کراچی (این این آئی) کراچی کے علاقے گڈاپ کی یونین کونسل 3موئیدان کی رہائشی دو لڑکیاں حب ڈیم میں ڈوب کر جاں بحق ہو گئیں ،علاقہ مکینوں نے اپنی مدد آ پ کے تحت لڑکیوں کی لاشیں نکال لیں ۔تفصیلات کے مطابق گڈاپ کی یونین کونسل 3موئیدان کھار سینٹر گوٹھ محمد خاصخیلی کی رہائشی دو لڑکیاں 24سالہ مکھان زوجہ محمد شفیع اور 12 سالہ سمیرہ اتوار کوحب ڈیم سے پانی بھرنے کے لئے گھر سے گئی تھیں
حب ڈیم میں پائوں پھسل جانے کے باعث ایک لڑکی ڈیم کے پانی ڈوب گئی جسے بچانے کی کوشش میں دوسری لڑکی بھی ڈوب کر جاں بحق ہو گئی ،مقامی لوگوں نے اپنے آپ کے تحت دونوں لڑکیوں کی لاشیں نکال لی۔یاد رہے کہ اسی گوٹھ میں5 ماہ پہلے3 بچے زہریلا پانی پینے سے ہلاک ہو گئے تھے پیپلز پارٹی کے ایم پی اے ساجد جوکھیو ،ایم پی اے مرتضیٰ بلوچ،چیئرمین سلمان مراد بلوچ نے بچوں کی ہلاکت کا نوٹس لیا اور یقین دلایا کہ یہاں صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا اس سلسلے میں جلد واٹر سپلائی اسکیم شروع کی جائے گی تاکہ لوگوں کو دور دروز علاقوں میں پانی نہیں جانا پڑے تھا مگر آج تک یہ وعدہ پورا نہیں ہوا اور یہاں کی غریب آبادی آج بھی صاف پینے کے پانی سے محروم ہے ۔ گڈاپ کی یونین کونسل 3موئیدان کی رہائشی خواتین 3 کلو میٹر فاصلے سے اپنے سرپر پانی کا مٹکا رکھ کر لاتی ہیں ،مکینوں کا کہنا ہے کہ یونین کونسل گڈاپ کی انتظامیہ یہاں کے غریب رہائشیوں کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی میں مکمل طور پر نام ہو چکی ہے ۔