کراچی( این این آئی)ملک میں ٹڈی دل کے خاتمے کی پاکستانی حکومت کی کاوشوں کو مزید تقویت دینے کے لیے برادر ملک ترکی نے اپنی خدمات حکومت پاکستان کو فراہم کی ہیں اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی خصوصی ہدایت پر پاک فضائیہ کا ایک سی -130 طیارہ اسپرے کرنے والا خصوصی پائپر بریو (Piper Brave)جہاز لانے کے لیے ترکی کے شہر ادانا پہنچ گیا۔ یہ جہازچار افراد پر مشتمل عملے سمیت آج پاکستان پہنچے گا جہاں
اسے اسمبل کرنے کے بعد ملک کے متاثرہ علاقوں میں بھیجا جائے گا۔یہ جہاز ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے تمام ملک خصوصا سندھ اور پنجاب کے اضلاع میں اسپرے کے لیے استعمال کیا جائے گا۔برادر ملک ترکی کی بے لوث تعاون کی یہ پیشکش ٹڈی دل کے خاتمے کی کوششوں میں ممدومعاون ثابت ہو گی۔ پاک فضائیہ کا ائیرٹرانسپورٹ بیڑاقدرتی آفات کے دوران ملک میں امدادی سرگرمیوں میں ہمیشہ سے ہی صف اول میں شامل رہا ہے۔